فوج سے کہا جارہا ہے حکومت کو گرادو: عمران خان

   

اسلام آباد : وزیرِ اعظم عمران خان اپوزیشن پر برس پڑے اور کہا کہ خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں کہ حکومت کو گرا دو، مافیاز کی خواہش ہے کہ کسی نہ کسی طرح حکومت گرا دی جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب سے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مافیاز کے اربوں ڈالر ملک سے باہر پڑے ہوئے ہیں، ان کی چوریاں سامنے آ رہی ہیں، ان کی کوشش ہے کہ حکومت کو گرا دیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہم حکومت میں آئے تو کہا گیا کہ کہاں ہے نیا پاکستان؟ حکومت آئی تو پہلے ہفتے میں کہہ دیا کہ حکومت فیل ہو گئی، بڑے مشکل وقت سے گزرے ہیں، ڈھائی سال بڑے صبر سے گزارے، میڈیا اور اپوزیشن تنقید کرتی رہی، کہا گیا کہ پاکستان تباہ ہوگیا، ہمیں مسلسل تنقید سننا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مافیاز سے خود کو آزاد کرانے کی جدوجہد چل رہی ہے۔ ’یہ جدوجہد ہے قانون کی حکمرانی کی۔ قانون کی حکمرانی سے ہی معاشرہ بدلتا ہے۔ پاکستان کے مستقبل کے لیے یہ بہت اہم جدوجہد ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ برا وقت نکل چکا ہے، گروتھ بڑھانے کا وقت ہے۔