فوج نے حماس کے کمانڈر یحییٰ سنوار کے گھر کا محاصرہ کرلیا : نیتن یاہو

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں حماس کے کمانڈر یحییٰ سنوار کے گھر کے اسرائیلی محاصرے کی اطلاع دیتے ہوئے اسے فوج کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر پیش کیا ہے۔ نیتن یاہو نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں کہیں بھی پہنچ سکتی ہے، یہ بات آج پوری کر دکھائی ہے۔ اسرائیلی فوج یحییٰ سنوار کمانڈر حماس کے گھر کو گھیرے میں لے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے کہ یحیی سنوار کا گھر کوئی بڑا قلعہ نہ ہو اور یہ بھی ممکن ہے وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو جائے مگر اب زیادہ وقت نہیں لگے گا ہم اسے پکڑ کر ہی رہیں گے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اب ہماری فوج خان یونس کے علاقے کے قلب تک گھس چکی ہے اور لڑائی کر رہی ہے، ہمارے فوجی خان یونس کے وسط میں پہنچ کر شہر میں کارروائیاں کر رہے ہیں ،یہ وہ علاقے ہیں جو حماس کی حکومت کی علامت کے طور پر سمجھے جاتے ہیں۔فوج کے بیان میں رات گئے کہا گیا کہ ہمارے فوجیوں نے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے ان کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے اور ان کا اسلحہ تلاش کر لیا ہے۔