اسلام آباد: پاکستان کے چیف جسٹس نے کہا کہ فوج کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ ملک کا دفاع کرنا ہے، لہٰذا وہ کاروباری سرگرمیوں سے گریز کرے۔ انہوں نے اس کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے اپنے عزم پر عملدرآمد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چہارشنبہ کو تجارتی مقاصد کیلئے فوج کی زمین کے استعمال کے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ ہر ایک کو اپنے مینڈیٹ میں رہنا چاہیے، فوج اپنا کام کرے، عدالتیں اپنا کام کرے۔ جسٹس فائز کا کہنا تھا کہ فوج نے دی گئی زمین پر شادی ہالز اور دیگر کام شروع کر رکھے ہیں اور اٹارنی جنرل اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ فوج صرف دفاع کا کام کرے گی کاروبار نہیں۔اس پر اٹارنی جنرل نے جواباً کہا کہ اصول تو یہی ہیکہ سب اپنا اپنا کام کریں۔