نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم کیلئے طیارہ خریدنے کے حوالہ سے مودی پر ہفتہ کو ایک بار پھر لفظی حملہ کیا اور ایک ویڈیو شیئر کر کے فوجیوں کیلئے نان بلٹ پروف گاڑیاں اور اپنے (وزیراعظم) لئے مہنگا طیارہ خریدنے کا الزام لگایا ۔ لداخ سرحد پر چین اور ہندوستان کے مابین تنازعہ پر راہول گذشتہ کئی مہینوں سے مودی پر حملہ آور ہیں۔ کیرالا کے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کے نمائندہ راہول کے ویڈیو میں مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ ٹرک کے اندر بیٹھے کچھ فوجی آپس میں بات کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک کا کہنا ہے کہ انہیں نان بلٹ پروف گاڑی میں بھیج کر ہماری زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔
