ملک کے مختلف دواخانوں اور عملہ پر پھولوں کی بارش،ہمت و حوصلے کی ستائش
نئی دہلی، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وبا کے خلاف ملک گیر مہم میں تعاون دے رہے چھوٹے بڑے تمام کورونا مجاہدین کو اتوار کو تینوں افواج کی طرف سے پورے ملک میں سلامی دی گئی۔ فضائیہ کے جنگی اور کارگو طیاروں نے الگ الگ جگہوں پر فلائی پاسٹ کیا تو بحریہ کے جنگی جہازوں نے سمندر میں اسپیشل فارمیشن سے جبکہ فوج کے بینڈوں نے مختلف ہاسپٹلس میں جاکر حب الوطنی کی دھن بجائی۔فضائیہ اور بحریہ کے ہیلی کاپٹروں نے ملک کے مختلف حصوں میں واقع کورونا ہاسپٹلس کے اوپر پھولوں کی برسات کی۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس قدم کے لئے مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس چیلنجنگ وقت میں پورا ملک متحد ہوکر کھڑا ہے ۔ مسلح افواج نے یہ پہل پورے ملک میں کورونا وبا سے جنگ لڑ رہے ڈاکٹروں، نرسوں، پولیس اہلکاروں، میڈیا، صفائی ملازمین، ڈیلیوری مین، بینک ملازم، سرکاری ملازم اور دکاندار دیگر لوگوں کے اعزاز اور حوصلہ افزائی کے لئے کی ہے جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہر ممکن کوشش کررہے ہیں کہ ملک محفوظ رہے ۔آج صبح سب سے پہلے تینو ں افواج کے سربراہان کی طرف سے نیشنل پولیس میموریل پر شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس کے بعد فضائیہ کے جنگی اور کارگو طیاروں نے مختلف فضائیہ کے اڈوں سے پرواز کرکے فلائی پاسٹ کیا اور یہ سری نگر سے لیکر ترواننتا پورم اور ڈبرو گڑھ سے لیکر تمام بڑے شہروں اور قصبوں کے اوپر سے گزرے ۔راجدھانی دہلی میں بھی سکھوئی
اور جگوار جیسے جنگی طیاروں اور کارگو طیارے سی 130نے راج پتھ سے لیکر پورے دارالحکومت خطہ کے اوپر سے فلائی پاسٹ کیا۔ ایم آئی۔17ہیلی کاپٹروں نے راجیو گاندھی سوپر اسپیشلٹی اسپتال روہنی، گرو تیگ بہادر اسپتال، لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال، رام منوہر لوہیا اسپتال، سر گنگا رام اسپتال اور بابا صاحب امبیڈکر اسپتال، دین دیال پادھیائے بیس، آر آر اسپتال، صفدر جنگ، ایمس، میکس اور اندرپرستھ اسپتالوں کے اوپر پھولوں کی برسات کی۔بحریہ کے مختلف جنگی جہازوں نے الگ الگ جگہوں پر اسپیشل فارمیشن میں کورونا مجاہدین کو سلامی دی۔ بحریہ کے عملہ نے گوا میں انسانی چین بناکر کورونا مجاہدین کی حوصلہ افزائی کی۔شام کو ممبئی، پوربندر، کارواڑ، وشاکھا پٹنم، چنئی، کوچی او پورٹ بلیئر میں بحریہ کے جہاز روشنی سے جگمگا اٹھیں اور آتش بازی کی گئی ۔فوج کے بینڈوں نے مختلف اسپتالوں میں جاکر کورونا مجاہدین کے اعزاز میں دھن بجائی۔
راجدھانی دہلی میں فوج کے بینڈوں نے ایمس، بیس، نریلا، سر گنگا رام، ریسرچ ریفرل اور دیگر اسپتالوں میں جاکر حب الوطنی کی دھن بجائی۔فوج کے ترجمان کرنل امن آنند نے سنیچر کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ایک تحریری پیغام پڑھتے ہوئے کہا تھا کہ عموماًً ملک کے لوگ مختلف مہمات میں فوج کی کامیابی اور مادر وطن کی حفاظت میں اس کے فرض کی ادائیگی کے لئے تینوں افواج کو سلام کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تعریف کرتے ہیں اور آشیرواد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ملک ایک دوسری طرح کے بحران سے گزر رہا ہے جس میں ایک پوشیدہ ہاتھ نے اس چیلنجنگ وقت میں پورے ملک کو متحد رکھا ہے ۔ مسلح افواج اس بے لوث خدمت کے لئے ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔ یہ موقع ہے جب مسلح افواج ان لوگوں کی قربانی کو سلام کریں۔ اسی لئے تینو ں افواج اتوار کو اپنی طرف سے انہیں الگ الگ طریقہ سے سلام کریں گی۔