فورس کی کمی سے تشدد پر قابو پانے میں ناکامی : دہلی پولیس

   

نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس نے وزارت داخلہ سے آج کہا کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں تشدد پر فوری قابو پانے میں ناکامی کی مناسب تعداد میں دستوں کی عدم دستیابی ایک وجہ رہی ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ اس تشدد میں جملہ 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کمشنر پولیس امولیا پٹنائک نے وزارت داخلہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران اس بات سے واقف کروادیا کہ پولیس فورس درکار تعداد میں دستیاب نہیں تھی اس لئے تشدد پر فوری قابو نہیں پایا جاسکا ۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ اسی وجہ سے صورتحال زیادہ بگڑ گئی ۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد دہلی پولیس کے پبلک ریلیشن آفیسر مندیپ سنگھ رندھاوا نے کہا کہ اس اجلاس میں دہلی پولیس نے یہ بالکل نہیں کہا کہ ہمارے پاس درکار پولیس فورس دستیاب نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس درکار فورس موجود ہے اور ہمیں اضافی دستے بھی پہونچ چکے ہیں۔ انہیں متعین کردیا گیا ہے ۔