فوروہیلرس اور ٹو وہیلرس کی ریپیرنگ کیلئے آن لائن سرویس کی فراہمی

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ اور کرناٹک کے بعد آندھرا پردیش میں توسیع،نئے ٹیکنیشنس کوروزگار کی فراہمی
حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) ٹووہیلرس اور موٹر کاروں کی ریپیرنگ کیلئے آن لائن سرویس کی فراہمی دن بہ دن مقبولیت حاصل کررہی ہے۔ حیدرآباد کے ادارہ BEYOND GARAGE نے جنوبی ہند کی ریاستوں میں اپنی خدمات کو توسیع دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تلنگانہ اور کرناٹک کے کئی علاقوں میں کار اور بائیکس کی ریپیرنگ کیلئے آن لائن خدمات دستیاب ہیں۔ یہ خدمات وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ میں جاریہ سال کے اختتام تک شروع کی جارہی ہیں۔ آندھرا پردیش میں آن لائن خدمات کے آغاز سے تین ریاستوں کے اہم شہروں کا احاطہ مکمل ہوگا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر اور ڈائرکٹر بیونڈ گیاریج کے ۔ محمود نے بتایا کہ 30 ٹیکنیشنس کی خدمات حیدرآباد اور بنگلور میں حاصل کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ تلنگانہ اور کرناٹک کے دس تا بارہ شہروں میں 200 ورکشاپس کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے۔ بہت جلد آندھرا پردیش میں توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کیلئے 100 ٹیکنیشنس کا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹو موٹیو سرویس زیادہ تر غیرمنظم ہے اور صرف چند کمپنیوں کی جانب سے مسلمہ سرویس سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ آن لائن سرویس سے وابستہ ٹیکنیشنس کو روزانہ کم از کم 1500 تا 2000 روپئے کی آمدنی ہوتی ہے جبکہ عام حالات میں اس کی آمدنی 600 تا 700روپئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ورکشاپ کے نیٹ ورک میں مزید توسیع کی جائے گی اور ممبئی، پونے اور ناسک میں ٹیکنیشنس کا تقرر کیا جائے گا۔آن لائن سرویس خدمات کا گزشتہ سال آغاز ہوا اور انتہائی کم وقفہ میں اسے مقبولیت حاصل ہوئی۔ شکایت کے اندرون 45 منٹ ٹیکنیشن ریپیرنگ کیلئے دستیاب رہتے ہیں۔