فون ‘ واٹس اپ ‘ انٹرنیٹ اور اب الیکسا بھی جاسوس!

   

گھر میں استعمال ہونے والے اسپیکر میں بھی آواز ریکارڈ ہو رہی ہے ۔ ہوشیار رہیں
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) فون ‘ واٹس اپ ہی نہیں بلکہ آپ کے گھر میں موجود اسپیکر جو الیکسا یا دیگر کمپنیو ںکے ہوں اور ریکارڈنگ کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں آج کل ہر گھر میں موجود ان اسپیکرس سے بھی آپ کی گفتگو سنی جا سکتی ہے ۔ جی ہاں جاسوسی کیلئے اب فون ٹیاپنگ یا فون پر بات چیت کو سافٹ وئیر کے ذریعہ ریکارڈ کرنے یا واٹس اپ پر پیگاسس سے ریکارڈکرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مکان میں موجود اسپیکر اگر آپ آن لائن استعمال کرتے ہیں اور آن لائن اس پر کچھ سنتے ہیں یا پھر آواز ریکارڈ کرتے ہیں تو آپ کی جاسوسی کیلئے یہ کافی ہے جی ہاں امریکہ میں حالیہ دنو ںمیں ایک قتل واقعہ کی تحقیقات کے دوران جب پولیس نے الیکسا اسپیکرس کی ریکارڈنگ حاصل کی تو انکشاف ہوا کہ الیکسا کے ذریعہ آپ کی بات چیت ریکارڈ ہوتی ہے اور وہ گوگل اور ایپل میں جمع ہوتی ہے ۔ الیکسا کی جانب سے توثیق کی گئی کہ گفتگو اور آوازیں ریکارڈ کی جاتی ہیں اور ان کو جمع کیا جاتا ہے یہ ریکارڈ کمپنی کے پاس مختصر مدت کیلئے ہوتا ہے۔ کمپنی کے انکشاف کے ساتھ ماہرین کا کہناہے کہ اگر یہ ریکارڈ کمپنی تک پہنچ سکتے ہیں تو ان کو محفوظ کرکے دیگر کمپنیوں یا اداروں کو بھی روانہ کیا جاسکتا ہے ۔ فون سے مربوط اسپیکر کے استعمال میں حالیہ عرصہ میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ الیکسا کے علاوہ دیگر کمپنیوں کے اسپیکر کا استعمال کرنے لگے ہیں جو ان کی جاسوسی کا موجب بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ الیکسا میں ریکارڈنگ کیلئے مخصوص اقدام کی ضرورت نہیں اور نہ کسی بٹن کو دبانے کی ضرورت ہے بلکہ یہ آواز کو از خود ریکارڈ کرنے لگتا ہے اور ریکارڈنگ تک سب کی رسائی نہیں ہوتی بلکہ اس کو گوگل یا ایپل میں محفوظ کیا جاسکتا ہے اور اس تک رسائی کمپنی کو حاصل ہوتی ہے۔ٹکنالوجی کا استعمال جس قدر زیادہ ہوتا جارہا ہے اسی رفتار سے جاسوسی بڑھتی جا رہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں واٹس اپ ریکارڈنگ کے سلسلہ میں اسرائیلی سافٹ وئیر کے استعمال کی اطلاعات کے بعد اب جبکہ الیکسا کا مسئلہ منظر عام پر آیا ہے تو یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ موجودہ دور میں ہر گھر میں ایک جاسوس موجود ہے اور وہ آپ کی گفتگو کی باضابطہ سماعت کر رہا ہے اور اسے محفوظ کرتا جارہا ہے۔