فون ٹیاپنگ اسکام سے بچنے کانگریس میں شمولیت کی پیشکش

   

بی آر ایس رکن کونسل کی کانگریس ہائی کمان کو تجویز، تین ارکان اسمبلی کے ساتھ شمولیت کا وعدہ
حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس حکومت میں فون ٹیاپنگ اسکام میں مبینہ ملوث بی آر ایس ایم ایل سی نے کانگریس میں شمولیت کا پیشکش کرکے مقدمہ سے نجات دینے کی شرط رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق فون ٹیاپنگ الزامات کا سامنا کرنے والے گریٹر حیدرآباد کے ایم ایل سی کانگریس ہائی کمان تک اپنی شرائط کو پیش کیا ہے۔ انہوں نے مقدمہ میں نام خارج کرنے کی شرط پر نہ صرف خود کانگریس میں شامل ہونے کا پیشکش کی بلکہ تین ارکان اسمبلی کو بھی کانگریس میں شامل کرنے کی بات کہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان سے قریبی قائدین کے ذریعہ شرائط پیش کی گئیں جس میں رکن کونسل نے کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ کا بھی پیشکش کیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ فون ٹیاپنگ اسکام میں کسی بھی طرح ان کا نام خارج کیا جائے اور وہ بی آر ایس کے تین ارکان اسمبلی کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے تیار ہیں۔ چیف منسٹر کے ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے رکن کونسل کی پیشکش پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ بتایا گیا کہ جموں و کشمیر اور ہریانہ کے اسمبلی انتخابات کے بعد ہائی کمان اس پر غور کریگا۔ اطلاعات کے مطابق فون ٹیاپنگ اسکام میں رکن کونسل کی گرفتاری طئے سمجھی جارہی ہے ، لہذا وہ اپنی گرفتاری سے بچنے کونسل سے استعفیٰ و تین ارکان اسمبلی کی شمولیت کی پیشکش کر رہے ہیں۔ پارٹی مذکورہ رکن کونسل نے ان تینوں ارکان اسمبلی کے نام ظاہر نہیں کئے جو ان کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے سینئر قائد اس میں رابطہ کار کا رول ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے ہائی کمان کو رکن کونسل کی پیشکش سے واقف کرایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن کونسل گزشتہ کچھ عرصہ سے بی آر ایس کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ فون ٹیاپنگ معاملہ میں پولیس نے سابق عہدیداروں کے علاوہ بعض اہم سیاسی قائدین کے ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ 1