فون ٹیاپنگ ‘پربھاکر راؤ کو تحویل میں لینے کی تیاری

   

تحقیقاتی عہدیدارسپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے
حیدرآباد ۔ 10۔ جولائی (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ اسکام کی جانچ میں اسپیشل انٹلیجنس بیورو کے سابق سربراہ پربھاکر راؤ کی جانب سے تعاون نہ کرنے پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ڈپٹی کمشنر وجئے کمار اور اسسٹنٹ کمشنر وینکٹ گری نئی دہلی پہنچے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پربھاکر راؤ کو دی گئی رعایت کو منسوخ کرانے کے خصوصی درخواست داخل کی جائے گی۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پربھاکر راؤ نے تحقیقات میں حکام سے تعاون نہیں کیا ہے اور انہیں تحویل میں لے کر جانچ کی جائے تو کئی اہم امور کا انکشاف ہوسکتا ہے۔ سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر خصوصی تحقیقاتی ٹیم پربھاکر راؤ کو دی گئی رعایتوں کو ختم کرنے کی مساعی کریں گے۔ سپریم کورٹ نے پربھاکر راؤ کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد وہ امریکہ سے حیدرآباد پہنچے اور تحقیقات کا سامنا کیا۔ سپریم کورٹ نے 5 اگست تک پربھاکر راؤ کی گرفتاری پر روک لگادی ہے ، ایسے میں فون ٹیاپنگ اسکام کی سرگرمی سے جانچ کے لئے پولیس عہدیدار پربھاکر راؤ کو تحویل میں لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تحقیقات کے دوران سابق پولیس عہدیدار نے کئی اہم سوالات پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔1