فون ٹیاپنگ کی جانچ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں: کی سی آر

   

ہریش راؤ اور کے ٹی آر سے مشاورت، بلدی انتخابات کیلئے کوارڈینیٹرس کا تقرر
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ اسکام کی جانچ اور مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات کے پس منظر میں بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ اور سابق وزیر ہریش راؤ نے پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ایراولی فارم ہاوز پر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے طلب کئے جانے اور سوالات کی تفصیلات سے کے سی آر کو واقف کرایا۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے کے سی آر کو نوٹس جاری کرنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ سابق وزراء نے ایس آئی ٹی کے سوالات اور اپنے جوابات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کے لئے نوٹس جاری کی گئی ہے۔ کے سی آر نے نوٹس اور طلبی کے بارے میں پارٹی کیڈر کی رائے معلوم کی اور کہا کہ پارٹی کیڈر کے حوصلے پست ہونے نہ پائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور اسکام کے سلسلہ میں گرفتاری عمل میں آتی ہے تب بھی صورتحال حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ کے سی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے اپوزیشن کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اس موقع پر مجالس مقامی کے انتخابات کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سنگارینی کالریز کے ٹنڈر اسکام کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ سابق چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ دو سال میں حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوا ہے جس کا فائدہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بی آر ایس کو ہوگا۔ اسی دوران پارٹی نے بلدی انتخابات کے لئے سینئر قائدین کو اسپیشل کوارڈینیٹرس مقرر کیا ہے جو میونسپلٹی اور کارپوریشن میں بطور انچارج کام کریں گے۔ کوارڈینیٹرس کی ذمہ داری پارٹی کیڈر کو متحد کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہوگی۔ الیکشن نوٹیفکیشن کی اجرائی سے عین قبل بی آر ایس نے الیکشن انچارجس کا تقرر کیا ہے۔ متحدہ اضلاع کی بنیاد پر سینئر قائدین کو انچارج مقرر کیا گیا۔ میدک میونسپلٹی کے انچارج کے طور پر سابق رکن کونسل فاروق حسین کو مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر لیڈر ایم اے حکیم ظہیر آباد لوک سبھا حلقہ کی کوہیر میونسپلٹی کے انچارج ہوں گے۔ 1