فوڈ اسٹریٹس رات 11 بجے بند کردینے پولیس کی ہدایت

   

آئی ٹی ملازمین کو مشکل کے امکانات ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر فیصلہ

حیدرآباد29 اکٹوبر(سیاست نیوز) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکز مادھا پور‘ گچی باؤلی میں برسرکار ملازمین اور شہر میں رات دیر گئے تک گھومنے اور اشیائے خورد و نوش سے استفادہ کرنے والوں کے مرکز والے علاقہ ڈی ایل ایف فوڈ اسٹریٹ انتخابات تک رات 11 بجے بند کردی جائے گی! مقامی پولیس سے جاری احکام کے مطابق اس علاقہ میں تاجرین کو کہہ دیا گیا ہے کہ وہ تجارتی اداروں کو رات 11 بجے بند کرنے کو یقینی بنائیں ۔ عموما ڈی ایل ایف فوڈ اسٹریٹ کے علاوہ گچی باؤلی میں رات دیر گئے اشیائے خورد و نوش کی فروخت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن اب شہر کے حالات اور انتخابات کے پیش نظر پولیس نے فیصلہ کیا کہ رات دیر گئے اس علاقہ کو دیگر تجارتی مراکز کے ساتھ 11بجے بند کروادیا جائے۔اس علاقہ میں اشیائے خورد و نوش کے تاجرین کا کہناہے کہ ان احکامات سے ان کی تجارت متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ اس علاقہ کی خصوصیت یہ ہے کہ کاروبار کا آغاز رات دیر گئے ہوتا ہے اور صبح اور دوپہر میں معمول کے مطابق بھی کاروبار نہیں ہوتے ۔علاقہ کے ہوٹل اور اسٹریٹ فوڈ کا کاروبار کرنے والوں کا کہناہے کہ ان کے بیشتر گاہک ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملازمین ہیں جو کہ رات دیر گئے یہاں آتے ہیں اور جن ملازمین کی شفٹ ختم ہوتی ہے وہ واپسی میں ان مراکز کا رخ کرتے ہیں لیکن اگر انہیں 11 بجے بند کروا دحا جاتا ہے تو 1 بجے اور 2بجے جن ملازمین کی شفٹ ختم ہوتی ہے ان کیلئے علاقہ میں کوئی خوردو نوش کا مرکز نہیں ہوگا اس سے ملازمین کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ پولیس سے یہ احکام جاری کردیئے گئے ہیں کہ امن و امان کی برقراری اور انتخابات کے پیش نظر دکانات کو 11بجے بند کردیا جائے اور ایسا نہ کرنے پر قانون کے مطابق خلاف کاروائی کی جائے گی۔ دونوں شہروں میں اس طرح کے فوڈ اسٹریٹس کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کے سلسلہ میں حکومت کی منصوبہ بندی کے باوجود اگر اس طرح کے اقدامات کئے جاتے ہیںتو نہ صرف تجارتی برادری بلکہ صارفین کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔عہدیدارو ںکے مطابق رات دیر گئے بازار کھلا رہنے سے نوجوان سیاسی مباحث کے علاوہ بعض جماعتوں کے کارکن اور امیدار کے بھی ان علاقوں میں جمع ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے یہ احکام جاری کئے گئے ہیں تاکہ 10 بجے رات کو انتخابی مہم کے اختتام کے قانون پر مؤثر عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔