فوڈ سکیوریٹی ایکٹ ‘ آر ٹی آئی ‘ حق تعلیم کانگریس کی دین : کھرگے

   

بی جے پی نے کیا دیا ؟۔ صدر کانگریس کاسوال ۔ کانگریس ضمانتوں پر کامیاب عمل آوری کا ادعا
ناگپور؍ ممبئی : کانگریس نے ہمیشہ عوام سے اپنے وعدوں کو پورا کیا ۔ یو پی اے حکومت نے منریگا، فوڈ سیکورٹی ایکٹ، معلومات کا حق، تعلیم کا حق جیسے قوانین دیئے ۔ اب بھی کانگریس نے ہماچل پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ کے عوام کو ضمانتوں کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا ہے ۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اعداد و شمار کے ساتھ واضح طور پر نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ حساب دیں کہ انہوں نے 12 سال تک گجرات کے وزیر اعلیٰ اور 11 سال سے وزیر اعظم کے عہدے پر کن وعدوں کو پورا کیا۔ ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ کرناٹک میں گرہا جیوتی یوجنا کے تحت 200 یونٹ بجلی مفت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کیلئے 9657 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا جس میں اب تک 5164 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ شکتی یوجنا کے تحت خواتین کیلئے مفت بس سفر کیلئے 5015 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے اور اب تک 2109 کروڑ خرچ کیے جا چکے ہیں۔ گرہا لکشمی یوجنا کے تحت خواتین کو ماہانہ 2000 روپے دیے جاتے ہیں اور بجٹ میں 28 ہزار 608 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ اس اسکیم پر اب تک 13 ہزار 451 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ انا بھاگیہ یوجنا کے تحت بی پی ایل کنبوں کیلئے 8080 کروڑ مختص کیے گئے اور 2582 کروڑ خرچ کیے گئے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ آر ایس ایس کو یوگی آدتیہ ناتھ کے نعرے ‘بٹیں گے تو کٹیں گے ’ سے محبت ہے ۔ جبکہ مودی نے ‘ایک ہیں تو سیف ہیں’ کا نعرہ شروع کیا ہے ۔ مودی اور یوگی کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا چاہئے کہ پارٹی کو کون سا نعرہ دینا ہے

بی جے پی اشتعال انگیز تقریروں سے عوام کی
توجہ بنیادی مسائل سے ہٹا رہی ہے: کھرگے
ناگپور : کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کو بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی کے رہنما اشتعال انگیز تقریریں کرکے اور جھوٹ بول کر لوگوں کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹا رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ ریاست کو ایک اچھی حکومت کی ضرورت ہے جو اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ انہوں نے 20 نومبر کو ہونے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن اتحاد مہا وکاس آغادی (MVA) کی جیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ایم وی اے میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شردپوار اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) شامل ہیں۔