فوڈ سیفٹی سسٹم کو بہتر بنانے حکومت کے اقدامات : دامودر راج نرسمہا

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فوڈ سیفٹی سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے اس میں پوری طرح تبدیلی کی جارہی ہے ۔ جسے ماضی میں نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں نئی کانگریس حکومت نے 17 فوڈ سیفٹی آفیسرس مقرر کئے ہیں ۔ تلنگانہ نے فوڈ سیفٹی ریگولیشن پر عمل درآمد کرنے میں ملک کی دوسری ریاستوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے ۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ’ ہم جلد ہی 10 نئے موبائل لیابس قائم کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ناچارم میں اسٹیٹ فوڈ لیاب کو جس کی ایک شاندار تاریخ ہے ، سابق حکومت نے ناکارہ بنادیا تھا اب ہم اسے بہتر بنا رہے ہیں ۔ ریاست میں موبائل لیابس کے ذریعہ روزانہ تقریبا 200 فوڈ سیفٹی ٹسٹس کئے جارہے ہیں ‘ ۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسٹریٹ وینڈرس کے لیے بیداری پیدا کی جارہی ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی لائسنس حاصل کریں ۔ فوڈ سیفٹی پر ہوٹلس ، ریسٹورنٹ اسوسی ایشنس کے نمائندوں اور فوڈ آرگنائزیشنس کے اونرس کے ساتھ سکریٹریٹ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان قواعد پر عمل درآمد کررہی ہے کہ فوڈ ایٹمس سربراہ کرنے والی کمپنیوں کو لازمی طور پر FSSAI لائسنس حاصل کرنا ہوگا ۔۔