حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) فوڈسیفٹی دھاوؤں کو جاری رکھتے ہوئے عہدیداروں نے کل بیگم بازار علاقہ میں تین سوئیٹ اینڈ سیوری ایٹریز بشمول ایک دھابے پر دھاوا کیا اور بک کیا۔ کمشنر فوڈ سیفٹی تلنگانہ کے مطابق بیگم بازار میں سمراٹس دھابہ اور بال کشن ملک بھنڈار درکار فوڈ سیفٹی یاٹریڈ لائسنس کے بغیر چلائے جارہے تھے۔ بال کشن ملک بھنڈار پر دیکھا گیا کہ اسے درست FSSAIلائسنس یا رجسٹریشن کے بغیر چلایا جارہا ہے۔ اس میں کام کرنے والے ہیرنیٹ اور گلوزکے بغیر پائے گئے، ڈیری پراڈکٹس جیسے ملائی اور دودھ کو اچھی طرح سے ڈھانک کر نہیں رکھا گیا تھا۔ سمراٹ دھابہ کو اسٹیٹ لائسنس کے بجائے FSSAI رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ چلایا جارہا تھا حالانکہ یہ بزنس لائسنس زمرہ کے تحت آتا ہے۔ اس دھابہ میں کچرے دان کو کور نہیں کیا گیا تھا اور ایگزاسٹ فینس ٹھیک نہیں تھے۔ اسنیکس سیزننگ باٹلس پر لیبل نہیں تھے۔ انہیں بعد میں عہدیداروں نے پھینک دیا۔ اس دھابے میں کیڑوں سے حفاظت کیلئے اسکرینس نہیں لگائے گئے تھے۔ فوڈسیفٹی عہدیداروں نے ایک اور شاپ جودھپور مٹھائی گھر کا معائنہ کیا جہاں دیکھا گیا کہ مٹھائی پر تاریخ کے لیبل نہیں تھے حالانکہ اس شاپ پر درکار FSSAI لائسنس رکھا گیا تھا لیکن غذائی اشیاء کو اچھی طرح ڈھانک کر نہیں رکھا گیا تھا اور نہ ہی اس میں کام کرنے وال نے کسی قسم کے ہیرنیٹس اور اپرانس پہنے ہوئے تھے۔