فوکوشیما میں جوہری حادثے کے دس سال

   

فوکوشیما: جاپان میں سونامی کی وجہ سے تباہی اور اسی وجہ سے فوکوشیما کے جوہری سانحے کے ٹھیک دس سال مکمل ہونے پر آج جمعرات 11 مارچ کو مثاثرین کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر دو بج کر 26 منٹ پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے میں 11 مارچ 2011 ء کے روز آنے والا تباہ کن زلزلہ ایک بڑی سونامی لہر اور فوکوشیما کے جوہری پلانٹ میں بڑے حادثے کی وجہ بھی بنا تھا۔ ملکی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے، سونامی اور جوہری سانحے میں مجموعی طور پر 18 ہزار پانچ سو افراد ہلاک اور ڈھائی ہزار سے زائد لاپتہ ہو گئے تھے۔ مرنے والوں میں سے اکثریت کی موت کی وجہ تباہ کن سونامی بنی تھی۔