’فٹنس کی ڈوز، آدھا گھنٹہ روز ‘ کے نام سے عوامی بیداری مہم

   

بھیلواڑہ، 24 اگست (یو این آئی) راجستھان کے بھیلواڑہ میں اتوار کے روز ‘فٹنس کی ڈوز آدھا گھنٹہ روز’ مہم کے تحت پولیس اہلکاروں نے سائیکلنگ، یوگا، زومبا اور رسّی کود جیسے پروگراموں کے ذریعے فٹنس اور سائبر دھوکہ دہی کے بارے میں بیداری کا پیغام دیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرمیندر سنگھ کی قیادت میں سٹی کنٹرول روم سے شروع ہونے والی سائیکل ریلی شہر کے اہم راستوں سے ہوتے ہوئے واپس لوٹی۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں، ان کے اہل خانہ، غیر سرکاری تنظیموں (این جی او) کے اراکین اور مقامی لوگوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ سنگھ نے بتایا کہ یہ پروگرام حکومت ہند کی وزارت کھیل کی پہل پر منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد عوام کو روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ جسمانی سرگرمی کیلئے ترغیب دینا ہے ۔ پولیس اہلکاروں کی مصروف زندگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے پولیس لائن میدان میں باقاعدگی سے یوگا، زومبا اور رسّی کود جیسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کے جہاز پور، شاہپورہ اور کوٹڑی جیسے علاقوں میں بھی اس پہل کے تحت سائیکلنگ پروگرام ہوئے ، جن میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کوٹڑی میں چار بھوجا مندر ٹرسٹ کے صدر سوردرشن گاڈولیا سمیت دیگر افراد شریک ہوئے اور اس تقریب کو صحت کیلئے فائدہ مند قرار دیا۔