غیر مجاز تعمیرات کیخلاف کارروائی ، بہادر پورہ تا کشن باغ جی ایچ ایم سی کی مہم
حیدرآباد۔23 ستمبر(سیاست نیوز) بہادر پورہ سے کشن باغ جانے والی سڑک کے علاوہ بہادر پورہ چوراہے پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ اور نالوں پر کئے گئے قبضوں کی برخواستگی کے اقدامات کئے گئے۔ دو یوم قبل بہادر پورہ چوراہے پر جمع ہونے والے پانی اور بہاؤ کے لئے کوئی راستہ نہ ہونے کے سبب جھیل کے منظر نے منتخبہ عوامی نمائندوں اور عہدیدارو ںکو مشکل صورتحال میں ڈال دیا جس کے نتیجہ میں گذشتہ دو یوم کے دوران بند کئے گئے نالوں اور قبضہ کئے گئے فٹ پاتھس پر موجود غیر مجاز قبضہ جات کو برخواست کرنے کے اقدامات کے ساتھ پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔بہادر پورہ سے کشن باغ جانے والی سڑک پر موجود تاجرین کو بلدی عہدیداروں کی جانب سے واضح طور پر کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ملکیت کے حدود میں ہی تجارت کریں اور ان کے شٹر کے باہر جو بھی تعمیر یا اسٹینڈ ہوگا اسے منہدم کردیا جائے گا۔نالوں میں پانی کے بہاؤ میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کے سلسلہ میں مقامی رکن اسمبلی اور کارپوریٹرس کی جانب سے جائزہ لیا جانے لگا ہے لیکن عہدیداراس بات سے حیران ہیں کہ نالوں کی گذرگاہوں کو بند کرتے ہوئے ان پر تعمیرات کی جاچکی ہیں لیکن عہدیدارو ںنے بتایا کہ جلد ہی اس علاقہ میں نالوں پر کی گئی تعمیرات کو منہدم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ پانی کے بہاؤ کا واحد راستہ برساتی نالہ ہے اور حکومت کی جانب سے نالوں کی توسیع کے علاوہ ان کی گہرائی میں اضافہ کے اقدامات کی ہدایات موصول ہورہی ہیں اور بہادرپورہ کے علاقہ میں چوارہے پر جمع ہونے والے پانی کی وجوہات کے سلسلہ میں جو بات سامنے آئی ہے وہ عہدیداروں کے لئے پریشان کن صورتحال کا سبب بن رہی ہے کیونکہ بہادر پورہ چوراہے سے گذرنے والے نالوں کے علاوہ نہرو زوالوجیکل پارک کے روبرو موجود علاقہ کے نالہ پر باقاعدہ تعمیرات کے سبب پانی کے بہاؤ میں خلل پیدا ہورہا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے بہادر پورہ چوراہے پر پیدا ہورہی صورتحال کی رپورٹ اعلیٰ عہدیداروں کو پیش کردی ہے اور نالوں پر کئے گئے قبضوں سے متعلقہ نمائندوں کو بھی واقف کروایا جاچکا ہے۔م