فڈنویس نے مجھے ٹکٹ ملنے سے روکا : کھڈسے

   

Ferty9 Clinic

ممبئی 2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے الزام عائد کیا کہ سابق چیف منسٹر دیویندر فڈنویس اور پارٹی لیڈر گریش مہاجن نے گذشتہ سال انہیں اسمبلی انتخابات میںپارٹی ٹکٹ سے محروم رکھنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ کھڈسے نے ایک مراٹھی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے تھے کہ ان کے سیاسی کیرئیر کو ختم کردیا جائے ۔ کھڈسے نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی کور کمیٹی کے ارکان نے ان سے کہا کہ دیویندر فڈنویس اور گریش مہاجن نے ان کو پارٹی ٹکٹ کی اجرائی کی مخالفت کی تھی ۔ کھڈسے جلگاوں ضلع میں مکتائی نگر حلقہ سے مقابلہ کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ بی جے پی کی مرکزی کمیٹی انہیں ٹکٹ دینا چاہتی تھی لیکن ان دونوں نے اس کی بھی مخالفت کی تھی ۔ ایکناتھ کھڈسے نے 2016 میں ایک اراضی معاملت میں بے قاعدگیوں کے الزامات کے بعد ریاستی وزیر کی حیثیت سے استعفی پیش کردیا تھا۔ اس وقت وہ فڈنویس کابینہ کے سینئر ترین رکن تھے ۔ وہ کابینہ میں واپس نہیں ہوسکے اور 2019 کے اسمبلی انتخابات میں انہیں اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ سے بھی محروم کردیا گیا تھا ۔ ایکناتھ کھڈسے کی بجائے بی جے پی نے ان کی دختر روہینی کھڈسے کو ٹکٹ دیا تھا تاہم وہ شکست سے دوچار ہوگئیں ۔