فڈنویس کے ڈرگس اسمگلر سے تعلقات : نواب ملک

,

   

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان اور مہاراشٹر ا حکومت میں وزیر نواب ملک نے پیر کو ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر دیویندر فڈنویس پر ڈرگس اسمگلر جے دیپ رانا سے قریبی تعلقات رکھنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ملک نے ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی ہیں۔ پہلی تصویر میں رانا کے ساتھ فڈنویس نظر آرہے ہیں جب کہ دوسری میں فڈنویس کی اہلیہ امریتا نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے فڈنویس پر گزشتہ دو سال میں نشہ آور مواد کی برآمدگی میں اہم رول ادا کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ملک نے یہاں میڈیا کو بتایاکہ فڈنویس کے اشارے پر ریاست میں نشہ آورمواد کی برآمدگی ہورہی ہے ۔ ان کا تعلق نشہ آور مواد کے اسمگلر سے ہے اور وہ ریاستی حکومت کو دو سال سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ٹی سیریز کے لیے سونو نگم کے ذریعہ گائے گئے گیت کی لانچ فوٹو بھی جاری کی ہے جس میں رانا کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ کی بیوی امریتا فڈنویس نظر آرہی ہیں۔ دیگر تصویر میں رانا کے ساتھ وزیر مالیات سدھیر منگتی وار اور سابق وزیر اعلیٰ نظر آرہے ہیں۔ ملک نے کہا کہ وہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو مکتوب لکھ کر معاملے کی عدالتی تحقیقات مرکزی جانچ بیورو سے کرانے کا مطالبہ کریں گے ۔انہوں نے این سی بی کے زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڈے کے گھر جانے پر قومی درج فہرست ذات کمیشن کے نائب صدر ارون ہلدار کو بھی گھیرا۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر نے ہلدار کے ذریعہ وانکھیڈے کو کلین چٹ دینے پر بھی سوال اُٹھایا۔ غور طلب ہے کہ ہلدار نے ملک کے دعوؤں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ سمیر وانکھیڈے مسلم کمیونٹی سے نہیں ہے ۔ ان کی پیدائش دلت فیملی میں ہوئی ہے حالانکہ ملک نے کہاکہ ممبئی کروز ڈرگ معاملے میں دیے گئے اپنے سبھی بیانات پر وہ قائم ہیں، جس میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کا بیٹا آرین28 دنوں تک حراست میں رہا تھا۔ ملک نے کہا کہ سمیر وانکھیڈے کی پیدائش مسلم خاندان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے سرکاری فوائد اور نوکری حاصل کرنے کے لیے اپنا مذہب تبدیل کرکے درج فہرست ذات کا فائدہ حاصل کیا۔