فڑنویس اور اجیت پوار کی وزیر اعلی شندے سے ملاقات

   

ممبئی:نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد مہاراشٹر کا سیاسی حساب کتاب ہر گھنٹے بدل رہا ہے۔ کابینہ میں قلمدانوں کی تقسیم کے سلسلے میں دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار پیر کی رات دیر گئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ورشا رہائش گاہ پہنچے۔ ذرائع نے مطلع کیا ہے کہ دیویندر فڑنویس، اجیت پوار اور ایکناتھ شندے کے درمیان حکومت میں محکموں کی تقسیم پر طویل بات چیت ہوئی ہے۔ اجیت پوار کے اقتدار میں آنے کے بعد مہاراشٹر کی سیاسی صورتحال بدل گئی ہے۔ شیوسینا اور بی جے پی کے رہنما پہلے ہی وزارتی عہدہ سے ناخوش ہیں۔ دوسری طرف این سی پی کے 9 ایم ایل اے نے وزیر کے طور پر حلف لیا ہے جس کی وجہ سے بی جے پی اور شیوسینا میں ناراضگی پھیل گئی ہے۔ ایسے میں ایکناتھ شندے کے کئی حامی پریشان ہیں۔ دیویندر فڑنویس اور ایکناتھ شندے کے درمیان کافی کشمکش چل رہی ہے کہ این سی پی کو کون سی وزارتیں دی جائیں۔ اس بات کا چرچا ہے کہ این سی پی کو مالی کھاتے دینے پر شیوسینا کے حلقے میں ناراضگی ہے۔