ممبئی، 19 فروری (آئی اے این ایس) سال2023 کی کامیاب ہارر فلم ایول ڈیڈ رائزکے بعد فلم ساز لی کرونن ایک اور خوفناک فلم دی ممی کے ساتھ واپس آئے ہیں اور فلم کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کر دیتا ہے۔ یہ فلم17 اپریل کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم ’’دی ممی‘‘ سیریز کی نئی تعبیر پر مبنی اس فلم میں جیک رینر، لایا کوسٹا، مے کالاماوی، نیٹلی گریس اور ویرونیکا فالکن اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دو منٹ سے زائد دورانیے کے ٹریلرکا آغاز ایک جوڑے کو ملنے والی اطلاع سے ہوتا ہے کہ ان کی بیٹی کیٹی آٹھ برس بعد قاہرہ میں مل گئی ہے، مگر جب وہ اسے دیکھنے جاتے ہیں تو ڈاکٹر انہیں ذہنی طور پر تیار رہنے اورکوئی اچانک حرکت نہ کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ جذباتی ملاقات جلد ہی خوفناک حقیقت میں بدل جاتی ہے جب معلوم ہوتا ہے کہ کیٹی گزشتہ آٹھ برس سے تین ہزار سال پرانے تابوت میں قید رہی اور اب ایک زندہ ممی نما شیطان بن کر واپس آئی ہے۔ ٹریلر کے اختتام پرکیٹی کا خوفناک جملہ سنائی دیتا ہے:‘‘فکر نہ کریں دادی، مرنا مزے کی بات ہے۔فلم کی کہانی ایک صحافی کی کمسن بیٹی کے لاپتا ہونے اور برسوں بعد پراسرار حالت میں واپس آنے کے گرد گھومتی ہے، جہاں خوشی کا لمحہ ایک ہولناک ڈراؤنے خواب میں بدل جاتا ہے۔ لی کرونن نے 2013 میں اپنی مختصر ہارر فلم گھوسٹ ٹرین سے شہرت حاصل کی جسے ایوارڈ بھی ملا۔ بعد میں انہوں نے اپنی پہلی فیچر فلم دی ہول اِن دی گراؤنڈ بنائی اور 2020 میں ہارر سیریز ففٹی اسٹیٹس آف فرائٹ کی ایک قسط کی ہدایت کاری بھی کی۔ سال 2023 میں انہوں نے فلم ’’ایول ڈیڈ‘‘ سیریز کی پانچویں فلم کی ہدایت کاری اور تحریرکی، اور اب ان کی نئی فلم ’’دی ممی‘‘ کا ٹریلر ہارر فلموں کے شائقین میں بے حد مقبول ہو رہا ہے جبکہ فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظارکیا جا رہا ہے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ہندی فلموں کے مداحوں ایک عرصہ سے خوفناک فلم کا انتظار کررہے ہیں اور حالیہ دنوں میں کئی ایک فلمیں آئی لیکن کوئی خاطر خواہ ثابت نہیں ہوئی۔