حیدرآباد 22 جنوری ( سیاست نیوز ) سی سی ایس پولیس نے یونین بینک کے سابقہ منیجر شیخ مستان ولی کو گرفتار کرلیا ۔ مستان ولی پر ویرہاوزنگ کارپوریشن تلنگانہ اسٹیٹ کے فکس ڈپازٹ میں دھاندلیوں کا الزام ہے ۔ جوائنٹ کمشنر سی سی ایس گجا راؤ بھوپال نے بتایا کہ شیخ مستان ولی تلگو اکیڈیمی کے ایف ڈیز کے معاملہ میں بھی ملوث ہے ۔ سابق میں دو بڑے مقدمات میں مستان ولی کو ضمانت ملی تھی ۔ تاہم اب اس نے ویر ہاوزنگ کارپوریشن کے ایف ڈیز کا غلط استعمال کیا ۔ تلگو اکیڈیمی کے 43 کروڑ غبن کے معاملہ میں اس وقت پولیس نے 2 مقدمات کے تحت 21 افراد کو گرفتار کیا تھا ۔ مستان ولی کاروان برانچ کا منیجر تھا ۔ فیکس ڈپازٹ رقم کے عوض قرض دینے کے بعد اصل رسید وہ اپنے پاس رکھتا تھا اور بینک میں جمع ادارے کی رقم کو دوسرے بینک اکاونٹس منتقل کرتا تھا ۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایا کہ مستان ولی کے ساتھ ویرہاوزنگ کارپوریشن کیس میں ایک اور ملزم وینکٹ رمن بھی ملوث ہے ۔ پولیس نے وینکٹ رمن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں ۔ ویرہاوزنگ کارپوریشن کے کل 8 ایف ڈیز میں 6 ایف ڈیز کی اصل رسید دی گئی ۔ جب کہ دو ایف ڈیز کی رقم کو غبن کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ جس کی رقم تقریبا 4 کروڑ ہے ۔ یونین بینک کاروان شاخ اور سنتوش نگر کنارابینک سے رقم کی ہیرا پھیری کی گئی ۔ جنوری 2021 تا ستمبر 2021 کے درمیان فکس ڈپازٹ کی دھندلیاں انجام دی گئی ۔ ع