فہد احمد سے شادی کے بعد سوارا بھاسکر انتہا پسندوں سے پریشان

   

ممبئی، 9 اگست (ایجنسیز) مسلم سیاستدان فہد احمد سے شادی کرنے والی اداکارہ سوارا بھاسکر نے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شوہر کیلئے کئے گئے تبصرے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے فہد احمد کو ’چھپری‘ اور ’ڈونگری سڑک چھاپ‘ کہہ کر طنز کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ صارف سوارا اور فہد کی ایک ریئلٹی شو ’پتی پتنی اور پنگا‘ میں شرکت کے بارے میں تنقید کر رہا تھا اور ان کا موازنہ اداکارہ پری نیتی چوپڑا کے شوہر کے ساتھ کر رہا تھا۔ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اس ایکس صارف کی جانب سے اپنے شوہر فہد احمد کیلئے استعمال کیے گئے توہین آمیز الفاظ پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور اس ٹرول کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے صارف کی بات کو ناقابل قبول قرار دیا۔ سوارا نے واضح کیا کہ ’چھپری‘ ذات پر مبنی توہین آمیز اصطلاح ہے جو ایک مخصوص کمیونٹی کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ سوارا نے اس صارف کو ذات پات اور طبقاتی تعصب کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈونگری یا کہیں کا بھی سڑک چھاپ ہونا کوئی شرم کی بات نہیں۔سوارا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس سخص کا تبصرہ ذات پات اور طبقاتی تعصب سے جڑا ہے ایسی زبان ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اس موقع پر #casteistAlert کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ بالی ووڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر نے 16 فروری 2023 کو اپنے قریبی دوست اور مسلم سیاستدان فہد احمد سے شادی کی تھی جس پر انہیں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہیں اکثر اس طرح کے طنزیہ تبصروں اور آن لائن ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔