فہرست رائے دہندگان مکمل شفافیت سے تیار کریں

   

مکتھل میں عہدیداران اور سیاسی قائدین کا اجلاس‘ ضلع کلکٹر کویا سری ہرشا کا خطاب

مکتھل۔ 21؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویاسری ہرشا نے مکتھل منڈل پرجا پریشد آفس میں عہدیداران اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عام مرکزی انتخابات کے لئے اب وقت بہت کم رہ گیا ہے۔ لہٰذا عہدیداروں کو فہرست رائے دہندگان کی مکمل شفافیت کے ساتھ جلد از جلد تیار کرلینا چاہئے۔ ضلع کلکٹر نے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ وہ بی ایل او کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ بوتھ سطح پر رائے دہندوں کی فہرستوں کو تیار کریں اور ان فہرستوں میں کوئی کمی و خامی نہ رہے۔ مسٹر کویاسری ہرشا ضلع کلکٹر نے کہا کہ فہرستوں کے آخری مرحلوں میں متوفی کے ناموں کی موجودگی یا پھر کسی مستحق کے نام کی عدم شمولیت کی عام شکایتیں موصول ہوتی ہیں۔ اس طرح کی تمام شکایتوں کے ازالہ کے ساتھ تحصیلداروں کو اپنی راست نگرانی میں رائے دہندگان کی فہرستوں کو قطعیت دیتے ہوئے کلکٹر سے منظوری کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کو حوالہ کریں۔ مسٹر کویاسری ہرشا ضلع کلکٹر نے بڈی باٹا پروگرام کے تحت محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ متعدد اسکولس اور اقامتی اداروں و ہاسٹلس کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایات دی کہ اسکولس کی کشادگی سے پہلے پہلے تمام انتظامات کو یقینی بنائیں اور ہر اسکول و اقامتی اداروں میں صاف و شفاف پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی اور خوشگوار و صحتمندانہ ماحول کی برقراری ان تعلیمی اداروں کے لئے ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹر نے ٹاؤن میں موجود رائس ملوں کا دورہ کرتے ہوئے رجسٹرس کے اندراجات، حکومت کی جانب سے کسانوں کے لئے فراہم کئے جانے والے دھان وغیرہ کا مشاہدہ کیا اور مالکان رائس مل کو حکومت کے معاہدہ کے مطابق چاولوں کی سربراہی و فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔