حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں نظر ثانی کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی ہے۔ کانگریس پارٹی کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے مکتوب میں کہا ہے کہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی کی مہم یکم اکتوبر کو ختم ہوگی۔ 23 جون تک گھر گھر پہنچ کر بوتھ سطح کے عہدیداروںکی جانب سے سروے کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں یوم تاسیس تقاریب 22 جون تک جاری رہیں گی۔ ایسے میں تمام محکمہ جات کے عہدیدار اور ضلع کلکٹرس یوم تاسیس تقاریب کے انتظامات میں مصروف ہیں جس کے نتیجہ میں گھر گھر سروے کی مہم انجام نہیں دی جاسکتی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا نیا شیڈول جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایک نام کے زائد اندراجات کا پتہ چلانے کی مہم شروع کی ہے۔ قطعی فہرست کی اجرائی سے قبل تلگو ریاستوں میں ایک ہی تصویر کے ساتھ ایک ساتھ انٹریز کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ وہ تلنگانہ کیلئے نئی تاریخوں کا تعین کرے۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم 22 جون کو حیدرآباد پہنچ رہی ہے اور کانگریس پارٹی اس سلسلہ میں نمائندگی کرے گی۔ ر