فہرست رائے دہندگان میں خامیوں پر ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کانگریس کا اعلان

   

حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سیاسی پارٹیوں کے اعتراضات کی یکسوئی کے بغیر تلنگانہ میں قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی پر اعتراض کیا ہے۔ کانگریس کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین نے کل الیکشن کمیشن کی ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے بوگس رائے دہندوں کے ناموں کے اخراج تک قطعی فہرست جاری نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ الیکشن کمیشن سے فہرست میں موجود یکساں ناموں اور متوفی رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کی اپیل کی گئی۔ کانگریس کی جانب سے تفصیلی یادداشت حوالے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 3 کروڑ 17 لاکھ 17 ہزار 389 ووٹرس کی فہرست جاری کی گئی جو دراصل حقیقی رائے دہندوں کی تعداد سے زیادہ ہیں۔ کانگریس پارٹی قطعی فہرست پر سروے کے ذریعہ خامیوں کی نشاندہی کرے گی اور انصاف کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی۔