فہرست رائے دہندگان میں 6 لاکھ نئے ووٹرس کا اضافہ متوقع

   


17 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو قبل از وقت درخواست دینے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی اجازت

حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے تقریباً 6 لاکھ نوجوان امکان ہیکہ فہرست رائے دہندگان میں ان کے ناموں کے اندراج کیلئے پیشگی درخواست دیں گے کیونکہ انہیں سال کے یکم ؍ جنوری کو 18 سال عمر مکمل کرنے کے اہلیتی معیار کو پورا کرنے کیلئے انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے 17 سال کی عمر پار کرنے والے نوجوانوں کو رائے دہندہ کے طور پر ان کے ناموں کا اندراج کروانے کیلئے قبل از وقت درخواست دینے کی حال میں اجازت دی ہے۔ اب، نوجوان ہر سال یکم ؍ جنوری کے بجائے 9 نومبر سے الیکٹورل فوٹو شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے رائے دہندوں کے اندراج کیلئے تاریخ یکم؍ اپریل، یکم؍ جولائی اور یکم ؍ اکٹوبر مقرر کی ہے۔ فہرست رائے دہندگان کو ہر سہ ماہ میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور اہل نوجوان سال کے آئندہ سہ ماہی میں رجسٹریشن کرواسکتے ہیں، جس میں وہ 18 سال کی اہلیتی عمر کے ہوں گے۔ اس تناظر میں ای سی آئی نے نوجوانوں میں اس ایڈوانسڈ انرولمنٹ کے طریقہ کار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر توجہ دی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ ہر سال فہرست رائے دہندگان میں تقریباً دو لاکھ نئے رائے دہندوں کے نام شامل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم توقع کررہے ہیں کہ فہرست رائے دہندگان میں تقریباً 6 لاکھ نئے رائے دہندوں کے نام شامل ہوں گے کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 17 سال کی عمر کو پار کرنے والے امیدواروں کو ایڈوانسڈ انرولمنٹ کی اجازت دی ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سہ ماہی میں فہرست رائے دہندگان میں نئے ووٹرس کے ناموں کے اندراجات کئے جائیں گے اور وہ اس کے بعد کے انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرپائیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وکاس راج نے کہا کہ نوجوان ووٹر کیلئے ان کے پیدائشی مقامات پر درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر وہ آن لائن درخواست دیں تو بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کی جانب سے تفصیلات کے بارے میں جانچ کی جائے گی۔
وکاس راج نے کہا کہ یکم ؍ جنوری 2023ء کو جن نوجوانوں کی عمر 18 سال مکمل ہوگی، وہ انرولمنٹ کیلئے درخواست داخل کرسکتے ہیں، اعتراضات اور اضلاع ؍ تصحیح کی 8 ڈسمبر 2022ء تک اجازت ہوگی۔ نوجوان بعد کے کوالیفائنگ تواریخ یکم ؍ اپریل، یکم ؍ جولائی اور یکم ؍ اکٹوبر 2023ء کے دوران d فارم ۔ 6 میں پیشگی ان کے ادعا جات داخل کرسکتے ہیں جس کا آغاز 9 نومبر 2022ء سے ہوگا۔