ووٹرس کی فہرست کی خصوصی نظرثانی کا عمل غلطیوں سے پاک رہے ، کلکٹر پریتما سنگھ کی عہدیداروں کو ہدایت
میدک۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے کہا ہے کہ ووٹروں کی فہرست میں نظرثانی کے تحت جاری خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور اس دوران کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رہے۔ چہارشنبہ کو کلکٹر آفس میں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ووٹرس کی خصوصی نظرثانی کے دوران میاپنگ کے عمل کو مکمل جامعیت کے ساتھ انجام دیا جائے تاکہ فہرست میں کسی قسم کی خامی باقی نہ رہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سپروائزر اور اے ای آر اوز مسلسل میدانِ عمل میں دورہ کرتے ہوئے اس عمل کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی شخص کا نام دو مختلف مقامات پر بطور ووٹر درج نہ ہونے پائے اس کے لیے فہرست کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔ ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں بوتھ لیول ایجنٹس کی تقرری کریں اور بی ایل اوز کے پاس شناختی کارڈ کا ہونا لازمی بنایا جائے۔ انہوں نے متوفی ووٹرس کی تفصیلات، زیر التواء درخواستوں اور مشابہ ڈیموگرافک اندراجات پر خصوصی توجہ دینے اور انہیں جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ایس آئی آر کے عمل کو کسی بھی نقص کے بغیر مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے اور نظرثانی کے عمل میں بہتر پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی ایس ای سے متعلق زیر التواء امور کو جلد حل کرنے کی بھی تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، سیاسی جماعتوں کے قائدین گڈم سرینواس، سیدعشرت علی صفی، سلیم، دیوی سنگھ، غوث قریشی،کدری نرسماں اور سوامی داس کے علاوہ آر ڈی اوز جئے چندر ریڈی، رمادیوی، تحصیلداروں اور الیکشن کمیشن کے عہدیدار بھی شریک تھے۔
راجو دوہا کے مکان پر دعوت افطار
نظام آباد۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کی معروف شخصیت راجو دوہا سرجیت فیکٹری کی جانب سے انکی قیام گاہ پر ایک پرتکلف تقریب دعوت افطار و طعام کا نظم کیا گیا۔اس دعوت افطار میں شہر کے معززین و سیاسی، سماجی اور مختلف مکاتب فکر اور اہم شخصیات ایم اے فہیم ،ایم اے قدوس،ہارون خان، اشفاق احمد خان، محمد افضل الدین، صدر بیت المال ظفر یحییٰ، عبدالکریم ایچ کے زردہ، عبدالطیف گجرات کلاتھ، معروف شعراء رحیم قمر، ریاض تنہا، رضی شطاری اور محمد مختار ڈی ای،صحافی ساجداختر،صبور فرقان اور ایم لطیف نے شرکت کی۔ معززین کی آمد پر راجو دوہا نے گرمجوشی اور انتہائی مخلصانہ انداز میں مہمانوں کا استقبال کیا، اس موقع پر شریک شعراء ریاض تنہا، رحیم قمر نے راجو دوہا کو حدیث اور اسلامی تعلیمات پر مبنی کتابچہ پیش کیا۔