چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کا سیاسی نمائندوں کے ساتھ اجلاس، بوتھ سطح کے عہدیداروں کے اہم رول کا تذکرہ
حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی سے متعلق جاریہ خصوصی مہم پر آج مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔11 مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کی مہم پر اپنی تجاویز پیش کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے مہم کی کامیابی میں سیاسی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ مہم کے تحت نئے رائے دہندے اپنا نام شامل کراسکتے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کا اس مہم میں اہم رول ہے جو گھر گھر پہنچ کر فہرست رائے دہندگان کی جانچ کررہے ہیں۔ پہلی مرتبہ ناموں کی شمولیت پر توجہ دی گئی ہے۔ یکم جنوری 2025 کو 18 سال عمر کو پہنچنے والے افراد اپنے نام شامل کرسکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیدار فہرست رائے دہندگان میں نقائص کو دور کرتے ہوئے پولنگ بوتھس کو آبادی کے قریب قائم کرنے کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی مہم کامیاب رہے گی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نئے رائے دہندوں کی شمولیت کے طریقہ کار کو آسان بنایا ہے جس کے تحت QR کوڈ اسکیان کرتے ہوئے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے تعمیری تجاویز پیش کی ہیں اور اس مہم میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی شمولیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور سیاسی پارٹیوں کے باہمی اشتراک سے یہ مہم کامیاب ہوسکتی ہے۔ سدرشن ریڈی نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ان کی تجاویز پر اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ ان کی تجاویز اور مشورے مہم میں ضرور شامل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کانگریس، بی جے پی، بی آر ایس، مجلس ، تلگودیشم، سی پی آئی، سی پی ایم اور عام آدمی پارٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔1