فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی مہلت میں اضافہ کا مطالبہ

   

۔10 فروری تک توسیع ضروری، ترجمان پی سی سی نرنجن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے پنچایت انتخابات کے پیش نظر فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی مہم کو 10 فروری تک توسیع دینے کا مطالبہ کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 25 جنوری کو آخری تاریخ مقرر کی ہے اور پنچایت انتخابات کے پیش نظر یہ کام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت کیلئے 21 ، 25 اور 30 جنوری کو رائے دہی مقرر ہے، لہذا 25 جنوری تک فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام ممکن نہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس قدر کم مدت میں الیکشن کمیشن کس طرح سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرسکتا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق فہرست میں نام شامل کرنے کا کام صد فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سابق میں 30 لاکھ رائے دہندوں کے نام خارج کئے گئے ۔ اس مرتبہ تمام اہل رائے دہندوں کے نام فہرست میں شامل کئے جائیں گے ۔ نرنجن نے الزام عائد کیا کہ منصوبہ بند طریقہ سے کئی ناموں کو فہرست سے حذف کردیا گیا۔ انہوں نے بوتھ لیول ایجنٹس کے تقرر کے لئے سیاسی جماعتوںکو یکم فروری تک مہلت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے تفصیلی نمائندگی کی گئی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ جب تک فہرست رائے دہندگان کو درست نہیں کیا جاتا ، اس وقت تک جمہوری انداز میں رائے دہی کا عمل مکمل نہیں ہوگا۔