شہر میں انتخابی دھاندلیوں کا خاتمہ ہوگا، کانگریس قائد فیروز خان کا بیان
حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا ملک میں فہرست رائے دہندگان کو آدھار سے مربوط کرنے کی تجویز رکھتا ہے تاکہ ایک ہی شخص کے مختلف مقامات پر ناموں کی شمولیت کو روکا جاسکے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی یہ تجویز مرکزی حکومت کے زیر غور ہے۔ کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن کی اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خان نے کہا کہ عام طور پر سیاسی جماعتیں انتخابی دھاندلی کے لیے ایک نام کو کئی مقامات پر فہرست رائے دہندگان میں شامل کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ دو اسمبلی انتخابات سے الیکشن کمیشن کو نمائندگی کررہے ہیں کہ فہرست رائے دہندگان کو آدھار سے مربوط کیا جائے تاکہ انتخابی دھاندلیوں پر کنٹرول ہو۔ فیروز خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ تجویز ملک بھر میں انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں خاص طور پر مقامی سیاسی جماعت کے حلقوں میں انتخابی دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی جاتی ہے۔ نامپلی اسمبلی حلقے کی فہرست رائے دہندگان میں ایک سے زائد مقامات پر ناموں کی شمولیت کی الیکشن کمیشن اور چیف الیکٹورل آفیسر سے نشاندہی کی گئی۔ باوجود اس کے یہ نام فہرست سے حذف نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقے میں ہزاروں کی تعداد میں بوگس نام شامل کئے گئے ہیں جس کا فائدہ رائے دہی کے موقع پر ہوتا ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تجویز سے نہ صرف جمہوریت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ حقیقی معنوں میں عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے رائے دہی میں دھاندلیوں اور بوگسنگ کے خاتمے کے لیے فہرست رائے دہندگان کو آدھار سے مربوط کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے عوام بے خوف ہوکر رائے دہی میں حصہ لے سکتے ہیں۔