فہرست رائے دہندگان کی اشاعت ملتوی کرنے کانگریس کا مطالبہ

   

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں آنگن واڑی ورکرس کے احتجاج کے پیش نظر قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کے کام کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے مکتوب میں کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کے طور پر متعین کئے گئے آنگن واڑی ورکرس 11ستمبر سے احتجاج کررہے ہیں۔ ریاست بھر میں آنگن واڑی ورکرس کے احتجاج کے سبب فہرست رائے دہندگان کی خصوصی مہم متاثر ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کو عادل آباد کلکٹریٹ اور دیگر مقامات پر منظم کردہ احتجاج کی ویڈیو کلپنگ روانہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نتیجہ میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں قبول کرنے کوئی عہدیدار موجود نہیں تھا۔ عوام سے فارم 6 حاصل نہیں کئے گئے۔ اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سے نمائندگی کی جاچکی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ درخواستوں کی عدم یکسوئی کے بغیر قطعی فہرست کی اشاعت مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے قطعی فہرست کی اشاعت کی تاریخ 4 اکٹوبر کو ملتوی کرتے ہوئے زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کے بعد نئی تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی۔