فہرست رائے دہندگان کی تیاری کیلئے عہدیداروں کی ٹریننگ کا آغاز

   

33 اضلاع کے عہدیداروں کی شرکت، چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا خطاب
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق ریاست میں الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور ڈسٹرکٹ ماسٹر لیول ٹرینرس کی مرحلہ وار ٹریننگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ انڈیا انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ کے اشتراک سے پہلے مرحلہ کی ٹریننگ میں قومی سطح کے ماہرین نے حصہ لیا۔ وکاس راج کے مطابق شفاف اور نقائص سے پاک انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کی نگرانی الیکشن کمیشن آف انڈیا کے تحت ہے۔ ڈاکٹر چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں منعقدہ ٹریننگ کلاسیس میں عہدیداروں کو انتخابی ذمہ داریوں سے واقف کرایا گیا۔ ٹریننگ سیشن میں فہرست رائے دہندگان کے علاوہ انتخابی عمل کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا۔ ریاست کے 33 اضلاع کے 59 الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور 15 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ماسٹر لیول ٹرینرس نے کلاسیس میں شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وکاس راج نے شفافیت اور نقائص سے پاک رائے دہی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت، اخراج یا پھر تبدیلی سے متعلق درخواستوں سے نمٹنے کیلئے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ انہوں نے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں شامل تمام اسٹاف کو تربیت دیں۔ قومی سطح کے ماسٹر ٹرینرس چند کشور شرما ( جموں کشمیر )، ششی پال شرما ( ہماچل پردیش )، بنوئے پی کے اور جئے مادھو (کرناٹک ) نے شرکاء کو اپنے تجربات سے واقف کرایا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں تربیت یافتہ عہدیداروں کا اہم رول رہے گا۔ پروگرام میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار اور سرفراز احمد جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے شرکت کی۔