چیف الیکشن کمشنر کو کانگریس کا مکتوب
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور اخراج سے متعلق درخواستوں میں ترمیم سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر نشین جی نرنجن نے مکتوب میں کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا کی زیر قیادت سہ رکنی بنچ نے 18 ستمبر کو درخواست کی سماعت کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور اخراج سے متعلق قوانین میں ترمیم کے تیقن کو قبول کرتے ہوئے درخواست کی یکسوئی کردی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے سپریم کورٹ کو تیقن دیا کہ عنقریب ضروری ترمیمات جاری کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ 66 کروڑ سے زائد آدھار نمبرس کو اَپ لوڈ کیا جاچکا ہے۔ نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضروری ترمیمات کا اعلان کریں۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ عوام کو ناموں کی شمولیت اور تصحیح میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی چناؤ سے قبل ضروری ترمیمات کی مانگ کی گئی۔