فیراری کار لیکر فرار سارقین گرفتار،کاربرآمد

,

   

حیدرآباد : کارخانہ پولیس نے کروڑہا روپئے مالیتی فیراری اسپورٹس کار کا سرقہ کر کے فرار ہونے والے افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر کارخانہ پولیس اسٹیشن پی مدھو سوامی نے کہا کہ 35 سالہ دیویش گاندھی ساکن مہیندرا ہلز سکندرآباد نے کار ڈیلر نیرج شرما سے اسپورٹس کار خریدنے کی خواہش ظاہر کی جس پر نیرج نے اسے کیرالا کے کالیکٹ علاقہ لے گیا اور وہاں سے جیسک نامی شخص سے دو کروڑ مالیتی فیراری اسپورٹس کار دلائی ۔ اس کار کو حیدرآباد لایا گیا اور چونکہ یہ کار دہلی کی رجسٹر شدہ تھی اسے اپنے نام پر منتقل کرنے کیلئے دیویش گاندھی نے نیرج کو گاڑی کے دستاویزات حوالے کئے ۔ نیرج نے یہ دستاویزات دہلی کے کار ڈیلر پرنس پاٹھک کو بذریعہ کوریئر روانہ کیا اور اس نے ان دستاویزات کو حاصل کرنے کے بعد تلبیس شخصی اور جعلسازی کے ذریعہ اس کار کے فرضی دستاویزات بناتے ہوئے دہلی کے ایک اور کار بروکر بلال کے نام منتقل کردیا ۔ پرنس پاٹھک نے اس کار کو حاصل کرنے کیلئے دہلی کے رہنے والے صدام اور بھوپیش کو حیدرآباد روانہ کیا۔ دیویش گاندھی کے مکان میں مناسب جگہ نہ ہونے پر اس نے اپنے ایک دوست کے مکان میں قیمتی فراری کار رکھا تھا۔ صدام اور بھوپیش کار کا پتہ لگاکر اس مکان میں داخل ہوئے اور فرضی چابیوں کے ذریعہ کار کھولی لیکن اسے چالو نہ کرسکے۔ دیویش گاندھی کے دوست کو یہ ظاہر کروایا کہ وہ فراری کار کے میکانک ہے اور دیویش گاندھی نے کار کی مرمت کے لئے بھیجا اور اس بات کا دعویٰ کرتے ہوئے اصلی چابیاں حاصل کرنے کے بعد فیراری کار لے کر فرار ہوگئے۔ دیویش گاندھی کو اس بات کا پتہ چلنے پر کارخانہ پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں مدھوکر سوامی ٹیم نے سارقین کو ٹولی چوکی علاقہ میں گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ کار برآمد کرلی۔