شخصی کام سے کشن ریڈی سے ملاقات، کانگریس سے انحراف کا سوال ہی نہیں
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے سینئر قائد محمد فیروز خاں نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ آج مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی سے فیروز خاں کی ملاقات کے بعد میڈیا میں یہ اطلاعات گشت کرنے لگی تھی کہ فیروز خاں جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ فیروز خاں نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض شخصی کاموں کے سلسلہ میں میں نے کشن ریڈی سے ملاقات کی ۔ کشن ریڈی مجھے کافی عرصہ سے جانتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ کشن ریڈی سے ملاقات کیلئے گئے تھے جہاں سیاسی امور پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور نہ ہی کشن ریڈی نے انہیں بی جے پی میں شمولیت کی دعوت دی ۔ فیروز خاں نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گے اور حلقہ اسمبلی نامپلی کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ان کی مساعی جاری رہے گی۔ فیروز خاں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی نامپلی سے مقابلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے عوام کے درمیان رہیں گے اور بی جے پی میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔