جھرہ میں فیروز خاں کی جانب سے اناج کی تقسیم ، محمد علی شبیر ، انجن کمار یادو ودیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے آج اسمبلی حلقہ نامپلی کے جھرہ میں کانگریس کے قائد فیروز خاں کی جانب سے غریبوں میں راشن کٹس تقسیم کرنے کی مہم میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو بھی موجود تھے ۔ محمد علی شبیر نے فیروز خاں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصیبت کے موقع پر عوام کی مدد کرتے ہوئے عوامی رہنما ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی ہدایت پر کانگریس کے تمام قائدین مختلف اسمبلی حلقوں میں غریب اور ضرورت مند افراد کی مدد کررہے ہیں۔ لاک ڈاون کے آغاز سے ہی فیروز خاں نے اسمبلی حلقہ نامپلی میں غریب عوام کی مدد کے لیے اپنے آپ کو ہمیشہ عوام کے درمیان رکھا ہے ۔ راشن پیاکٹس ، کھانا کھلایا اور اشیاء ضروریہ کے ساتھ ترکاری بھی غریب عوام میں تقسیم کی ہے جو قابل ستائش کارنامہ ہے ۔ کانگریس کے تمام قائدین کو اسی جذبہ کے تحت کام کرنے کا محمد علی شبیر نے مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت غریب عوام سے انصاف کرنے مائیگرنٹ ورکرس کو ان کے آبائی مقامات پر روانہ کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ کانگریس کے قائد فیروز خاں نے کہا کہ آج 800 افراد میں راشن تقیسم کیا جارہا ہے ۔ لاک ڈاؤن کی ابتداء سے ہی راشن کٹس کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ مائیگرنٹ ورکرس کو بھی ان کے آبائی مقامات روانہ کرنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ فیروز خاں نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ 100 کروڑ روپئے غریب عوام کے بینک کھاتوں میں جمع کرائیں صرف زبانی خرچ سے کام نہ لیں ۔ لاک ڈاؤن میں حکومت غریب عوام کی مدد کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر صرف پریس کانفرنس تک اور ساتھ ہی اپوزیشن و میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانے تک محدود ہوگئے ہیں ۔ اس موقع پر گریٹر حیدرآباد کانگریس کے نائب صدر عثمان محمد خاں کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔