متاثرہ خاتون کی شکایت پر بی ٹیک طالب علم کیخلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ /3 نومبر (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی سائبرکرائم پولیس نے خاتون کے فیس بک اکاؤنٹ کو ہیک کرنے اور قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں ایک بی ٹیک گرایجویٹ کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس کے بموجب 24 سالہ بی وینکٹیشورلو ساکن بالاپور نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ ایک خاتون سے دوستی کی تھی اور چیاٹنگ کے دوران ایک لنک روانہ کیا تھا جس کے ذریعہ اس نے خاتون کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیا اور اس کا آئی ڈی و پاسورڈ بھی حاصل کرلیا ۔ اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد وینکٹیشورلو نے خاتون کے دوستوں اور رشتہ داروں سے چیاٹنگ کرتے ہوئے خود کو درخواست گزار ظاہر کیا اور میڈیکل بل ادائیگی کے نام پر اپنے اکاؤنٹ میں رقومات حاصل کرلئے ۔ درخواست گزار خاتون کو دھوکہ دہی کا اُس وقت پتہ لگا جب ایک دوست نے صحت کے بارے میں دریافت کیلئے فون کیا تھا ۔ خاتون نے فوری رچہ کونڈہ کی سائبرکرائم پولیس سے شکایت درج کروائی اور انسپکٹر ڈی آشیش ریڈی نے تکنیکی تحقیقات کے ذریعہ وینکٹیشورلو کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا اور اسے گرفتار کرلیا گیا ۔