فیس بک ، صارفین کی تفصیلات مخفی رکھنے میں ناکام

   

Ferty9 Clinic

ایپل کے شریک بانی نے فیس بک اکاونٹ کو بند کردیا ، عوام کو بھی عمل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) فیس بک اپنے صارفین کی تفصیلات مخفی رکھنے میں ناکام ہے اور جن فون پر فیس بک موجود ہے ان پر ہونے والی بات چیت بھی سننے کا فیس بک اہل ہے اسی لئے میں نے فیس بک پر موجود اپنے اکاؤنٹ کو ہٹا دیا ہے اور اب فیس بک استعمال نہیں کرتا۔ ایپل کے شریک بانی مسٹر اسٹیو ووزنیاک نے یہ بات کہی ہے اور کہا ہے کہ وہ دوسروں کو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اگر اپنی نجی زندگی میں کسی کی مداخلت نہیں چاہتے اور اپنی معلومات مخفی رکھنا چاہتے ہیں وہ فیس بک سے دور ہوجائیں۔ اسٹیو وزنیاک کے اس تبصرہ کے بعد فیس بک چیف ایکزیکیٹیو آفیسر مارک زکربرک اب تک کوئی جواب نہیں دے پائے ہیں جبکہ ایپل کے شریک بانی کی جانب سے کئے جانے والے اس تبصرہ کے بعد کئی لوگوں نے جو کہ اپنی معلومات مخفی رکھنا چاہتے ہیں وہ فیس بک سے دوری اختیار کرنے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ فیس بک سے دوری اختیار کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے۔ مسٹر اسٹیو وزنیاک نے کہا کہ فیس بک اپنے صارفین کی تفصیلات کو مخفی رکھنے کے بجائے ان کے افشاء کرنے والے آلات کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے ۔ انہو ںنے دعوی کیا ہے کہ فیس بک ایپلیکیشن جن فون پر موجود ہے ان پر ہونے والی بات چیت کو بھی فیس بک کے آلات کے ذریعہ سنا جا سکتا ہے ۔ایپل کے شریک بانی کے ان سنگین الزامات کے باوجود فیس بک کی جانب سے اختیار خاموشی کو انفارمیشن ٹکنالوجی کی دنیا میں کافی اہمیت دی جا رہی ہے او رکہا جا رہاہے کہ عالمی سطح پر موجود فیس بک کے صارفین کی تفصیلات غیر محفوظ ہوچکی ہیں اور جولوگ اپنی معلومات کو مخفی رکھنا چاہتے ہیں وہ اس پلیٹ فارم سے دوری اختیار کرلیں تاکہ انہیں کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔فیس بک نے جو سوشل میڈیا کا جال پھیلایا ہے اور دنیا بھر میں رہنے والوں کو ایک دوسرے سے مربوط کیا ہے اس کے متعلق اسٹیو کا کہناہے کہ ان کا ڈاٹا غیر محفوظ ہونے کی بنیادی وجہ ایسے آلات کا استعمال ہے جو ڈاٹا کی چوری اور اس کے افشاء کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں اسی لئے وہ یہ دعوے کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ فیس بک پر موجود کسی کی بھی تفصیلات محفوظ نہیں ہیں اور ان تفصیلات کو دوسروں تک پہنچانا کوئی مشکل نہیں ہے ۔