نیویارک۔ امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کو ایک ہفتہ کے اندر دوسری مرتبہ تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ روز دنیا بھر میں بعض صارفین کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز استعمال کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ بعد ازاں اس تکنیکی مسئلے کو دوبارہ حل کرلیا گیا۔ فیس بک کی جانب سے اپنے صارفین سے معذرت کی گئی لیکن مسائل کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ رواں ہفتہ کے آغاز میں بھی فیس بک کمپنی کی تمام سروسز گھنٹوں معطل رہی تھیں۔ فیس بک نے بتایا تھا کہ ’کنفیگریشن ایرر‘ کی وجہ سے یہ تکنیکی خرابی پیش آئی تھی۔