واشنگٹن ۔ فیس بک کی جانب سے وزیراعظم ہند نریندر مودی کے استعفیٰ کے مطالبے پر مبنی 12 ہزار پوسٹس چْھپا لی گئی ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فیس بک کی طرف سے پابندیوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق انڈیا میں کورونا وبا کو درست طور پر کنٹرول نہ کرنے کے الزام پر ہیش ٹیگ ریزائن مودی کے تحت پوسٹس کی جا رہی ہیں، تاہم فیس بک کی جانب سے ایسی پوسٹس غائب کر دی گئیں جن کے ساتھ یہ ہیش ٹیگ لگا تھا۔ جب فیس بک پر اس ہیش ٹیگ کو سرچ کیا جائے تو یہ پیغام سامنے آتا ہے ان پوسٹس میں کچھ مواد ہمارے کمیونٹی اسٹینڈرڈز کے خلاف جاتا ہے۔ صارفین اس پیغام کے اسکرین شاٹس ٹوئٹر پر شیئر کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم نے اس ہیش ٹیگ کو حکومت ہند کے کہنے پر نہیں ہٹایا بلکہ ایسا غلطی سے ہوا ہے، ہم نے اس کو بحال کر دیا ہے۔ اس سے قبل مائیکربلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے بھی 50 سے زیادہ ایسی ٹویٹس ہٹائی گئیں جن میں وبا کو درست انداز میں کنٹرول نہ کیے جانے پر حکومت ہند پر تنقید کی گئی تھی۔ خیال رہے اس وقت ہندوستان میں کورونا وبا کی وجہ صورت حال انتہائی سنگین ہے۔