فیس بک پر جھوٹی اطلاعات، فری لانس جرنلسٹ گرفتار

   

ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاندان کو ہراساں کرنے کا الزام

حیدرآباد۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) رین بازار پولیس نے ایک خاندان کے خلاف جھوٹ اور دھوکہ کے علاوہ فرضی خبریں پھیلاتے ہوئے رقمی مطالبہ کرنے والے فری لانس جرنلسٹ کو گرفتار کرلیا جو پہلے بھی ایسے مقدمات میں ملوث تھا۔ ہاک میڈیا ہاوز کے نام سے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعہ معزز شہریوں کے خلاف جھوٹی اطلاعات کو پھیلانا اس کی عادت بن گئی ہے۔ رین بازار پولیس نے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاندان کو ہراساں کرنے والے فری لانس جرنلسٹ تنویر احمد خواجہ کو گرفتار کرلیا۔ کوٹھی کے علاقہ میں واقع ایک لاج میں کارروائی کی گئی۔ تنویر احمد خواجہ پہلے شکایت گذار شخص کے خاندان کے خلاف جھوٹی اطلاعات کو فیس بک پر پیش کررہا تھا جس سے اس خاندان کی بدنامی اور رسوائی ہو رہی تھی۔ تنویر کے خلاف محمد عبدالطیف نامی شخص نے پولیس میں شکایت کی تھی۔ تنویر نے فیس بک سے مواد ہٹانے کے لئے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ بات چیت کے بعد سودہ طے ہوا اور کوٹھی کی ایک لاج میں دونوں جمع ہوئے، پولیس نے عین وقت پر پہنچ کر تنویر احمد کو گرفتار کرلیا اور 70 ہزار روپے ضبط کرلئے۔ اس کے خلاف سائبر کرائم میں 3 اور ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن میں پہلے سے مقدمات درج ہیں۔ ع