واشنگٹن ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک نے ایک نئی عالمی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرا دی ہے۔ فیس بک کے منیجر ڈیوڈ مارکوس کے مطابق لِبرا نامی اس ڈیجیٹل کرنسی کی بنیاد بھی کرپٹو کرنسی بِٹ کوئن کی طرح بلاک چین ٹیکنالوجی پر ہی رکھی گئی ہے۔ تاہم اس میں قدر کا اتار چڑھاؤ نہیں ہو گا۔ مارکوس نے مزید بتایا کہ لبرا میں ہونے والے لین دین کے معاملات سے فیس بک کا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ عام صارفین اگلے برس سے لبرا خرید سکیں گے۔ مارکوس کے بقول ابتدا میں لبرا کو مختلف کرنسیوں کے مابین ہونے والی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
