حیدرآباد۔ 26 اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت سے فیس ریمبرسمنٹ کے بقایاجات کی عدم اجرائی پر خانگی کالجس نے 3 نومبر سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انجینئرنگ اور دیگر پیشہ وارانہ کالجس پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین رمیش بابو نے کہا کہ فیس ریمبرسمنٹ کے بقایاجات کے عدم اجرائی کے نتیجہ میں تعلیمی ادارے چلانا مشکل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 1200 کروڑ کے بقایا جات کی اجرائی کا وعدہ کیا تھا لیکن محض 300 کروڑ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کا رویہ تعلیمی اداروں کے حق میں نہیں ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نومبر کے آغاز سے قبل 900 کروڑ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ باقی رقم کے بارے میں بھی حکومت کو موقف واضح کرنا چاہئے۔ جے اے سی نے کہا کہ یکم نومبر تک اگر 900 کروڑ جاری نہیں کئے گئے تو 3 نومبر سے کالجس کی ہڑتال شروع ہو گی۔ تنظیم نے 2 لاکھ افراد کے ساتھ 10 نومبر سے قبل احتجاجی پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کالجس کے نمائندوں کو مرحلہ وار طور پر بقایاجات جاری کرنے کا تیقن دیا تھا۔ 1