فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایاجات کی ادائیگی میں کاہلی کا مظاہرہ

   

ہزاروں طلبہ کو مشکلات کا سامنا ، محبوب نگر میں پریس کانفرنس سے دانشوران کا خطاب

محبوب نگر /25 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت فیس ری امبرسمنٹ کے بقایا جات ادا کرنے میں کاہلی برت رہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محمد تقی حسین تقی کنوینر ملی اتحاد نے پریس کانفرنس میں کیا ۔ اس موقع پر خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، حافظ ادریس ، مرزا قدوس بیگ، محمد نور اللہ خان و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کالجس کو مائناریٹی فیس ری امبرسمنٹ اسکیم کے تحت بقایاجات کی ادائیگی میں کاہلی کی وجہ سے طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے باوجود تعلیمی اسنادات سے محروم ہیں اور مستقبل کے تعلق سے اندیشوں کا شکار ہیں ۔ کیونکہ کالج انتظامیہ فیس ادا نہ کرنے پر اسنادات روکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے بھی اس معاملے میں بے اعتنائی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ کانگریس نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد بقایا جات کی رقم کالجس کو ادا کی جائے گی ۔ لیکن چھ ماہ ہونے کے بعد بھی حکومت اس مسئلہ پر خاموش ہے ۔ کالج انتظامیہ اس اسکیم کے تحت نئے داخلوں سے بھی پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے کئی ذہین طلبہ اعلی تعلیم سے محرومی کے خوف کا شکار ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس اسکیم کے تحت کالجس کو فوری بقایاجات جاری کریں اور کالج انتظامیہ کو جدید داخلوں کیلئے حکم جاری کریں بصورت دیگر ملی محاذ ریاست گیر احتجاج پر اتر آئے گا ۔ اس ضمن میں چیف منسٹر و دیگر کو مراسلہ روانہ کیا گیا ہے ۔