حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے عوامی مقامات پر فیس ماسک کو یقینی بنانے تلنگانہ پولیس کی جانب سے ایک خصوصی طریقہ استعمال کیا جائے گا ۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ڈیپ لرننگ ٹیکنک کا استعمال کیا جائیگا جس کے تحت ریاست کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں سے اُن شہریوں کی نشاندہی کی جائے گی جن کے چہروں پر ماسک نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے متعارف ٹیکنک کا پہلے حیدرآباد ، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ میں استعمال کیا جائیگا اور سڑکوں پر بغیر ماسک سے گھومنے والے افراد پر جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔ حکومت نے بغیر ماسک کے گھر کے باہر نکلنے اور عوامی مقامات پر گھومنے پر 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس ٹیکنالوجی سے کئی افراد کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔