فیس ماسک نہ پہننے پر 200 روپئے جرمانہ

,

   

ممبئی میں کورونا وائرس کیسوں میں اضافہ کے بعد بی ایم سی کے رہنمایانہ ہدایات
ممبئی : ممبئی کے بلدی ادارہ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے عوام الناس کو ہدایت دی ہے کہ وہ عام مقامات پر فیس ماسک کا ضرور استعمال کریں۔ فیس ماسک کے بغیر باہر نکلنے والوں پر 200 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بی ایم سی نے وارننگ دی ہے کہ شہر میں کوویڈ کے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر سخت اقدامات لازمی ہیں۔ عوام کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست مہاراشٹرا خاص کر ممبئی میں کوویڈ واقعات میں اضافہ ہونے کے پیش نظر بلدی اداروں نے فیس ماسک پہننے اور ہاتھوں کو صاف رکھنے کی ترغیب دینے کی مہم شروع کی ہے۔ بی ایم سی کے نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینوں، لوکل ٹرینوں میں خاص کر سفر کے دوران فیس ماسک لگانا ضروری ہے۔ عوام کے لئے یہ لازمی ہے کہ وہ کسی بھی آفس، کام کے مقام پر اور کمپنیوں میں ماسک لگاکر کام کریں۔ ماسک کے بغیر کوئی بھی آفیسر اسٹاف میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکتا۔ میونسپل کمشنر نے تمام عہدیداروں کو اختیار دیا ہے کہ وہ کوویڈ ۔ 19 وبا پر قابو پانے کے لئے جو کچھ سخت اقدامات ہوسکتے ہیں کئے جائیں۔