فیس میں اضافہ کیخلاف عثمانیہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اسکالرس کا احتجاج

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی اسکالرس نے فیس میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا دوبارہ آغاز کیا ہے ۔ یونیورسٹی حکام نے گزشتہ ہفتہ نوٹس جاری کرتے ہوئے اسکالرس کو 30 مارچ تک آئندہ سال کی فیس ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 2023 بیاچ سے تعلق رکھنے والے پی ایچ ڈی اسکالرس اضافی فیس سے دستبرداری کی مانگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی دیگر یونیورسٹیز کے مقابلہ میں زائد فیس وصول کر رہی ہے۔ سنٹرل یونیورسٹیز کے مقابلہ عثمانیہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اسکالرس کی فیس زیادہ ہے۔ 2023 تک پی ایچ ڈی اسکالرس کے لئے ایک سمسٹر کی فیس 2000 روپئے تھی جسے بڑھاکر 20000 روپئے کردیا گیا ہے ۔ غریب اور متوسط خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اضافی فیس کی ادائیگی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 20,000 فیس کے علاوہ 10,000 روپئے میس ڈپازٹ کے طور پر ادا کئے گئے تھے۔ یونیورسٹی طلبہ کی مختلف تنظیموں نے بھی اضافی فیس سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ہے ۔ طلبہ نے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری طرف یونیورسٹی حکام نے یہ کہتے ہوئے فیس میں اضافہ کو حق بجانب قرار دیا ہے کہ یونیورسٹی میں بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ 15 سال بعد یونیورسٹی کی فیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ 1