فیس میں 5% اضافہ کے لیے میڈیکل ، ڈینٹل کالجس کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے خانگی میڈیکل اور ڈینٹل کالجس نے حکومت سے افراط زر ، انفراسٹرکچر کے مینٹیننس اور دوسری باتوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے فیس میں 5 فیصد اضافہ کا مطالبہ کیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ایڈمیشن اینڈ فیس ریگولیٹری کمیٹی (TSAFRC) کی جانب سے تعلیمی سال 2020-2023 کے لیے جلد ہی فیس ڈھانچہ پر نظر ثانی کی جائے گی ۔ موجودہ فیس ایم بی بی ایس ’ اے ‘ زمرہ کے لیے 60,000 روپئے ہے ، ’ بی زمرہ ‘ کے لیے 11.55 لاکھ اور ’ سی ‘ زمرہ کے لیے 23.10 لاکھ روپئے ہے ۔ خانگی کالجس کا کہنا ہے کہ افراط زر کی وجہ فیس میں اضافہ ضروری ہے ۔ انہوں نے مذکورہ کمیٹی سے 5 فیصد تک فیس میں اضافہ کرنے کی خواہش کی ۔ دوسری طرف جونیر ڈاکٹرس نے ٹی ایس ایف آر سی سے اپیل کی کہ فیس میں اضافہ کرتے وقت فراخدلی کا مظاہرہ کرے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خانگی کالجس ہر سال 5 فیصد تک فیس میں اضافہ کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں جاری کردہ جی او میں ایک کلاز ہے جس کے مطابق کالجس افراط زر کے پیش نظر ہر سال 5 فیصد تک فیس میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HRDA) نے ٹی ایس اے ایف آر سی سے کہا کہ سابق میں کیے گئے اضافہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے 2020-2023 کے بلاک ایر کے لیے فیس پر نظر ثانی کرے ۔ ایچ آر ڈی اے نے TSAFRC سے اپیل کی کہ طلبہ کی مشکلات کو ملحوظ رکھا جائے اور فیس پر نظر ثانی تلنگانہ ہائی کورٹ کی رائے کے مطابق کی جائے ۔۔